پشاور سے کراچی جانے والی خیبرمیل کے انجن میں آگ لگ گئی،ریلوےذرائع کے مطابق 2گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا جاسکا۔
ریلوے ذرائع نے بتایا ہے کہ خیبر میل کے انجن میں آگ لگنے کے بعد ٹرین کو خیرپور ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا، فائر بریگیڈ کے عملے اور ریسکیو ٹیموں نے آگ بجھانے کی کارروائی میں حصہ لیا۔ ریلوے ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ واقعے کے باعث ڈاؤن ٹریک ریلوے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، پاکستان ایکسپریس کو روہڑی ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا، جبکہ فرید ایکسپریس کو روہڑی اور خیر پور کے درمیان روک لیا گیا۔ کافی جدوجہد کے بعد خیبر میل کے انجن میں لگی آگ بجھا دی گئی، انجن میں آگ لگنے کے باعث متعدد ٹرینیں 2گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔ آگ بجھانے کے بعد خیبر میل کو متبادل انجن لگا کر کراچی کے لیے روانہ کر دیا گیا۔