counter easy hit

فکسنگ کی رپورٹ، سرفراز نے مکی آرتھر کا دل بھی جیت لیا

شارجہ: سرفراز احمد نے فکسنگ رپورٹ سے اپنے کوچ مکی آرتھر کا دل بھی جیت لیا۔

The fixing report, Sarfraz won Mickey Arthur heart tooپاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کے ایک پلیئر کو فکسنگ کی آفر ہوئی جس سے انھوں نے فوری طور پر ٹیم مینجمنٹ کو آگاہ کیا، جس کے بعد آئی سی سی کو بھی مطلع کردیا ہے جس نے معاملے کی چھان بین شروع کردی ہے، اگرچہ بورڈ کی جانب سے پلیئر کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تاہم بعد میں یہ بات سامنے آگئی کہ مذکورہ کھلاڑی کپتان سرفراز احمد تھے، جنھوں نے فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فکسنگ رابطے کی فوری رپورٹ کی۔

ہیڈ کوچ بھی کپتان کے طرز عمل سے کافی خوش ہیں، وہ کہتے ہیں کہ حقیقت تو یہ ہے کہ انھوں نے ناقابل یقین طور پر بہترین ردعمل پیش کیا ہے، انھوں نے وہی کیا جو کہ ان کو کرنا چاہیے تھا، جس خوبصورتی سے انھوں نے معاملے کو ہینڈل کیا میں سمجھتا ہوں کہ وہ ہماری ٹیم اور دنیا کے لیے مثال ہے کہ ایک اہم ترین کھلاڑی سے رابطہ کیا گیا جنھوں نے قانون کے مطابق ردعمل ظاہر کرتے ہوئے خود  کو کھیل کا ایک سچا سفیر ثابت کیا ہے۔

مکی آرتھر نے مزید کہا کہ میں اپنے کھلاڑیوں سے کافی مطمئن ہوں، وہ غیرمعمولی اور کافی ذہین ہیں، مجھے اس بارے میں کوئی شک نہیں کہ اگر ان میں سے بھی کسی سے کوئی مشکوک رابطہ کرے گا تو وہ بھی اسی طرح فوری طور پر ردعمل دیں گے۔ یاد رہے کہ اینٹی کرپشن قوانین کے تحت کسی بھی فکسنگ یا مشکوک رابطے کی فوری طور پر رپورٹ ٹیم مینجمنٹ یا دیگر متعلقہ افراد کو کرنا لازمی ہے، بعد میں علم ہونے پر مذکورہ کھلاڑی کو پابندی کی سزا بھگتنا پڑسکتی ہے۔