ماسکو:سعودی فٹبال ٹیم کو لے جانے والے طیارے کے انجن میں آگ بھڑک اُٹھی تاہم پائلٹ نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو منزل مقصود پر بحفاظت اتار لیا۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ میں یوروگوئے کے خلاف میچ کھیلنے کے لیے روستو نادانو جانے والی سعودی فٹبال ٹیم کے طیارے کے انجن میں دورانِ پرواز اچانک آگ بھڑک اُٹھی تاہم پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑی مہارت سے طیارے کو اپنی منزل یعنی روستونادانو کے ایئرپورٹ پر اتارنے میں کامیاب ہوگئے۔ روستونادانو میں سعودی عرب اور یوروگوئے کا میچ کل کھیلا جائے گا۔ سوشل میڈیا پر طیارے میں ہونے والی آتشزدگی کی تصاویر وائرل ہوگئی جس سے سعودی ٹیم کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ دوسری جانب سعودی فٹبال فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ طیارے کے انجن میں آگ لگنے کے واقعے میں تمام کھلاڑی اور حکام محفوظ رہے۔ آگ لگنے کی وجوہات کا تاحال تعین نہیں کیا جا سکا ہے بظاہر یہ حادثاتی طور پر ہونے والی آتشزدگی کا واقعہ لگتا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں فٹبال کا کھیل کافی مقبول ہے اور سرکاری طور پر بھی اس کھیل کو سراہا جاتا ہے تاہم فیفا ورلڈ کپ 2018 کے پہلے میچ میں سعودی عرب کو میزبان روس کے ہاتھوں پانچ صفر سے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔