بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے خلاف بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور عدم برداشت کے خلاف سلمان خان کی حمایت کرنا ہندو انتہا پسندوں کو ایک آنکھ نہ بھایا اور انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دھمکیوں پر اتر آئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندو انتہا پسند جماعت شیو سینا کی رہنما منیشا کیانڈے نے اپنے ایک بیان میں سلمان خان کو شدید نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے کہا کہ اب سلمان خان کو سبق سکھانے کی ضرورت ہے ،انہیں چاہئے کہ وہ اپنے کام سے کام رکھیں اور پاکستانی فنکاروں کی حمایت سے باز آجائیں۔
شیو سینا کی رہنمانے مزید کہا کہ سلمان خان نے دہشت گردی کے باوجود پاکستان کے خلاف کبھی بھی آواز نہیں اٹھائی ہے بلکہ ان کے فنکاروں کی حمایت کررہے ہیں لہٰذا انہیں سوچنا چاہیے کہ یہ وقت پاکستانیوں کی حمایت کا نہیں ہے اور اگر انہیں پاکستان اتنا ہی پسند ہے تو انہیں پاکستان ہجرت کرلینی چاہئے۔