ماسکو: فٹبال ورلڈ کپ 2018 کے ڈراز کا اعلان آج کیا جائے گا۔
آئندہ برس روس میں شیڈول فیفا ورلڈ کپ 2018 کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، میگا ایونٹ 14 جون سے 15 جولائی تک روس میں کھیلا جائے گا، جرمنی کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی، جرمنی نے 2014 میں منعقدہ ایونٹ کے فائنل میں ارجنٹائن کو ہرا کر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
میگا ایونٹ کا پوسٹر جاری کرنے کے ساتھ شریک تمام 32 ٹیموں کا انتخاب بھی مکمل ہو چکا ہے، ڈراز کا اعلان جمعے کو ہوگا۔ یاد رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں فیفا ورلڈ کپ 2018 میں شرکت کرنے والی 32 ٹیموں کی لائن اپ مکمل ہوئی تھی، میزبان ہونے کی حیثیت سے روس نے براہ راست ایونٹ میں شرکت کا ٹکٹ پایا تھا، اس کے بعد برازیل نے میگا ایونٹ تک رسائی حاصل کرکے پہلی ٹیم کا اعزاز پایا تھا جبکہ پیرو 32ویں اور آخری ٹیم تھی۔
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ترجیحی بنیادوں پر مشتمل 4 درجات کی فہرست جاری کی جس میں پہلے درجے میں میزبان ملک روس بھی سیڈڈ ٹیموں میں شامل ہیں۔ فیفا نے اکتوبر کی درجہ بندی کا استعمال کرتے ہوئے ورلڈ کپ 2018 میں شریک ٹیموں کی درجہ بندی کی جس کے مطابق روس 65ویں نمبر پر ہے، 2018 میں فٹبال کے عالمی کپ کی میزبانی کی وجہ سے یہ ایونٹ کی ٹاپ سیڈ ہے۔
روس کے بعد پہلے درجے کی دوسری پوزیشن پر جرمنی، تیسری پر برازیل، چوتھی پر پرتگال، پانچویں پر ارجنٹائن، چھٹی پر بیلجیئم، ساتویں پر پولینڈ جبکہ آٹھویں پر فرانس موجود ہے۔گروپ ٹو میں اسپین، پیرو، سوئٹرزلینڈ، انگلینڈ، کولمبیا، میکسیکو، یوروگوئے، کروشیا کو رکھا گیا ہے، گروپ تھری میں ڈنمارک، آئس لینڈ، کوسٹاریکا، سوئیڈن، تنزانیہ، مصر، سینگال اور ایران کی ٹیمیں شامل ہوں گی، گروپ فور میں سربیا، نائیجریا، آسٹریلیا، جاپان، مراکش، پانامہ، جنوبی کوریا اور سعودی عرب شامل ہیں۔
اٹلی،ہالینڈ، جنوبی امریکن چیمپئنز چلی، افریقن چیمپئنزکیمرون اور امریکا سمیت دنیا کی متعدد بڑی ٹیمیں اس بار ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہیں، اس وجہ سے ان ٹیموں کے پرستار اپنے من پسند اسٹار کھلاڑیوں کو ایکشن میں نہیں دیکھ سکیں گے۔
عالمی کپ کا ابتدائی میچ 14 جون 2018 کو ممکنہ طور پر روس اور جرمنی کے درمیان ماسکو کے لزہنیکی فٹبال اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل بھی اسی اسٹیڈیم میں 15 جولائی کو ہوگا۔ اس اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے بیٹھنے کی تعداد بڑھا کر 81 ہزار تک کر دی گئی ہے۔
یہ دارالحکومت کا سب سے بڑا اسٹیڈیم ہے، لزہنیکی اسٹیڈیم کا شمار دنیائے سپورٹس کے قدیم ترین وینیو میں ہوتا ہے، میزبان ملک روس نے مجموعی طور پر 12 مقامات پر میچز کے انعقاد کی تجویز دی ہے، ان میں ایکارٹرنبرگ، کالننگ گرینڈ، کازان، نزنے، نوگروڈ، روسٹو آن ڈون، سمارا، سارنسک، سوچی اور وولگوگرینڈ شامل ہیں۔