اسلام آباد……باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گرد حملے میں افغان سرزمین استعمال ہونے پر افغان ناظم الامور کو دفترِ خارجہ اسلام آباد میں طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں افغان ناظم الامور سید عبدالناصر یوسفی کو طلب کرکے باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے لیے افغان سرزمین استعمال ہونے پر احتجاج کیا گیا ہے۔انہیں بتایا گیا کہ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دہشت گردوں کے ہینڈلر افغان سرزمین سے ہدایات دے رہے تھے، دہشت گردوں نے افغان مواصلاتی نظام اور نیٹ ورک بھی استعمال کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حملے سے متعلق تحقیقات افغانستان سے شیئر کی گئی ہیں اور افغان حکومت سے کہا گیا ہے کہ اس سفاکانہ حملے کے مجرموں کے خلاف کارروائی کی جائے اور ملوث دہشت گردوں کو کیفرِکردار تک پہنچانے میں تعاون کیا جائے۔