شارجہ: قومی ٹیم کو سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل ہے، پاکستانی ٹیم میں اس میچ کیلئے کسی تبدیلی کا امکان نہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا چوتھا ون ڈے میچ آج کھیلا جائے گا، قومی ٹیم کو سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ پاکستانی ٹیم میں اس میچ کیلئے کسی تبدیلی کا امکان نہیں، باؤلنگ ایکشن رپورٹ ہونے کے باوجود محمد حفیظ سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
دوسری جانب سری لنکن سائیڈ میں چمارا کپوگیدرا کی جگہ کوشل مینڈس کی واپسی کا امکان ہے، شارجہ میں پاکستانی وقت کے مطابق میچ سہ پہر تین بجے شروع ہوگا۔ سری لنکن سائیڈ میں اس کے برعکس زیادہ مسائل ہیں جہاں تیسرے ون ڈے میں کوشل مینڈس کو ڈراپ کر کے چمارا کپوگیدرا کو شامل کیا گیا لیکن وہ اسی آزمائش کے دوران انجری کا شکار ہو گئے جس کے پیش نظر مینڈس کو ایک بار پھر قابل غور سمجھنا ہوگا لیکن اگر چمارا کپوگیدرا میچ سے قبل اپنی فٹنس بحال کرنے میں کامیاب ہو گئے تو پھر ملندا کی جگہ بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے جو پہلے ہی ابھی تک قابل ذکر کھیل پیش نہیں کر سکے۔
واضح رہے شارجہ کرکٹ سٹیڈیم آج 227 ویں ون ڈے انٹرنیشنل میچ کی میزبانی کرے گا، قومی ٹیم اس گراؤنڈ پر سب سے زیادہ 80 ایک روزہ مقابلے جیت چکی ہے، پاک سری لنکا کے چوتھے ون ڈے کی بیشتر ٹکٹ فروخت ہو گئیں، شائقین کی بڑی تعداد میدان کا رخ کرے گی۔ 1986 میں جاوید میانداد کا چھکا بھی شارجہ سٹیڈیم کی دنیا بھر میں مشہوری کا سبب بنا تھا، شارجہ کرکٹ سٹیڈیم، مذہبی اور سماجی تقریبات کے حوالے سے بھی یو اے ای میں ایک خاص شہرت رکھتا ہے۔