وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ میڈیا کو جتنی آزادی اس دور میں ملی اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ‘ پاکستان کا دنیا کے سامنے سافٹ امیج اجاگر کرنا میڈیا کی اولین ذمہ داری ہے اور پاکستانی میڈیا یہ کام بخوبی سرانجام بھی دے رہا ہے۔
اسلام آباد: (اصغر علی مبارک) ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ہزارہ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت صدر تیمور اقبال جدون کررہے تھے وفد میں سیکرٹری لقمان شاہ’ فیصل عباسی’ رشید خان’ سیف اﷲ ربانی’ راجہ خیام’ سردار نوید’ قاضی حشام’ حافظ نثار’ محمد شفیق’ یاسر الیاس ‘چنگیرز جدون ‘اسد تنولی کے علاوہ دیگر بھی شامل تھے’ ضلع ناظم مانسہرہ سردار سید غلام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سردار یوسف نے صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے ہزارہ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہا۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ سی پیک خطے کی خوشحالی کا ضامن ہے۔ اس سے نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے دوسرے ممالک کو بھی معاشی ترقی کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ”ن” لیگ حکومت کی طرف سے ہزارہ موٹروے ہزارہ کے عوام کیلئے بہت بڑا تحفہ ہے اس سے سیاحت کے شعبے میں ترقی ہوگی۔ لوگوں کو روزگار ملے گا’ صوبہ ہزارہ تحریک کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ملکی حالات کی وجہ سے موزوں وقت کے انتظار میں ہیں کیونکہ ہمیں پاکستان کی سلامتی سب سے زیادہ مقدم ہے اس تحریک میں نیک نیتی اور شہداء کا خون شامل ہے ‘ ہزارہ سے تعلق رکھنے والے تمام مکاتب فکر’ سیاسی جماعتیں ‘وکلائ’ تاجر تمام لوگ اس تحریک سے متفق ہیں اور اس تحریک کا حصہ ہیں۔ اس حوالے سے ہزارہ سے تعلق رکھنے والے تمام پارلیمنٹیرین کی آپس میں دو تین ملاقاتیں بھی ہو چکی ہیں ‘ مولانا فضل الرحمن’ سراج الحق و دیگر رہنمائوں نے بھی اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ کوئی بھی سیاسی جماعت صوبہ ہزارہ کی مخالف نہیں۔ یہ تحریک لسانی نہیں بلکہ انتظامی بنیادوں پر صوبہ بنانے کے حق میں ہے۔ ہم ملکی معیشت پر بوجھ نہیں بنیں گے بلکہ ہمارے پاس صوبہ چلانے کیلئے وسائل موجود ہیں ‘معدنیات’ جنگلات’ آبی وسائل تربیلا ڈیم کے علاوہ دریائے کنہار پر سکی کناری ڈیم کی تعمیر’ موٹر وے کی تعمیر سے سیاحت کے بے پناہ مواقع اور سیاحت انڈسٹری کے فروغ سے کثیر سرمایہ حاصل ہوگا۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر ہزارہ ایکسپریس وے اور ریلوے ٹریک بھی سی پیک کا حصہ ہیں اور یہ منصوبے ہزارہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ہزارہ کا خطہ دہشتگردی سے پاک ہے اس لئے یہاں سیاحت کو فروغ دینے کے بیشتر مواقع موجود ہیں ۔ ہزارہ پاکستان کا خوبصورت ترین خطہ ہے۔