نئی دہلی: مال مفت نے بھارتی کرکٹ بورڈ حکام کو بھی’ بے رحم‘ بنادیا، دونوں ہاتھ سے مال لٹانے والوں میں بی سی سی آئی سیکریٹری امیتابھ اور خازن انیردھ چوہدری پیش پیش نکلے، کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز پہلے ہی سپریم کورٹ سے سب کو گھر بھیجنے کی اجازت مانگ چکی ہے۔
سپریم کورٹ کی مقرر کردہ کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز نے اپنی پانچویں اسٹیٹس رپورٹ میں بورڈ حکام کے اخراجات کی مکمل تفصیل ظاہر کردی ہے،اس میں سیکریٹری امیتابھ چوہدری اور خازن انیرودھ کے اخراجات ڈیڑھ کروڑ روپے سے بھی تجاوز کرگئے ہیں۔ گزشتہ اور جاری مالی سال کے دوران رانچی سے تعلق رکھنے والے امیتابھ چوہدری نے 65 لاکھ روپے فضائی سفر اور 42.25 لاکھ روپے ڈی اے، ڈی اے کی مد میں بورڈ سے وصول کیے، اس کے علاوہ ساڑھے 29 لاکھ روپے انھوں نے غیرملکی دوروں کے دوران فارن ایکس چینج کی مدد میں وصول کیے۔ اس دوران ان کا ہوٹلوں میں رہائش کا بل 13.51 لاکھ روپے بنا، صرف ان کے آفس کے اخراجات 4 لاکھ روپے رہے جبکہ امیتابھ نے ڈیڑھ لاکھ کے قریب اضافی بھی وصول کیے۔ اس دوران ان کی جانب سے خرچ کی جانے والی مجموعی رقم ایک کروڑ 56 لاکھ 19 ہزار روپے بنتی ہے۔
اس معاملے میں خازن انیرودھ ان سے بھی آگے رہے، ان کے ایئر ٹکٹ 60 لاکھ 29 ہزار روپے کے رہے جبکہ 75 لاکھ روپے ٹی اے ڈی اے وصول کیا، فارن ایکس چینج کی مد میں 17.64 لاکھ اور ہوٹلوں کا کرایہ 11 لاکھ روپے لیا۔ ’دوسرے اخراجات‘ کی مد میں انھوں نے بورڈ سے 3.41 لاکھ روپے لیے جبکہ ان کے فون اخراجات 2.37 لاکھ روپے تھے، مجموعی طور پر انھوں نے بورڈ کی دولت میں سے ایک کروڑ 71 لاکھ 58 ہزار روپے اڑائے۔ اسی طرح دوسرے سابق اور موجودہ بورڈ حکام کے اخراجات بھی سامنے لائے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز پہلے ہی سپریم کورٹ سے موجودہ حکام کو فارغ کرنے کی اجازت طلب کرچکی ہے۔