پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں کی لاہور احتجاجی جلسے میں بھرپور شرکت، صدر پیپلز پارٹی پروانشل ویمن ونگ لاہور یاسمین فاروق کی قیادت میں خواتین ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اسلام آباد: (اصغر علی مبارک) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وہ جب چاہیں حکومت ختم کر سکتے ہیں اور انھیں اس کام میں دیر نہیں لگے گی۔ شریک چیئرمین آصف علی زرداری یہ باتیں لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے زیرِ انتظام حکومت مخالف جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
پاکستان عوامی تحریک کے زیر انتظام اس جلسے کے دو سیشنز تھے، پہلے سیشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے خطاب کیا۔ جلسے سے خطاب میں سابق صدرِ پاکستان آصف زرداری کا کہنا تھا کہ وہ جب چاہیں حکومت کو ختم کر سکتے ہیں۔ لاہور کے مال روڈ پر ہونے والے حکومت مخالف جلسے کے پہلے سیشن میں تقریر کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے حکومت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘پاکستان کو جاتی امراء کے شیخ مجیب الرحمان سے خطرہ ہے۔ آج یہ شخص مجیب رحمان بننے کی بات کر رہا ہے جس نے ملک توڑا تھا۔ نواز شریف ملک توڑنے کی بات کر رہے ہیں، لیکن جب تک ہم اس ملک میں ہیں ایسا ہرگز نہیں ہونے دیں گے۔‘ آصف علی زرداری نے نواز شریف کی حکومت کو سلطنت شریفیہ کا نام دیتے ہوئے سوال کیا کہ ‘کیا 1947 میں یہ ملک سلطنت شریفیہ کے لیے بنا تھا یا سب عوام کے لیے؟’
عمران خان نے کہا کہ ‘نواز شریف کو سپریم کورٹ نے مجرم قرار دیا لیکن پارلیمنٹ میں ہاتھ اٹھا کر مجرم کو پارٹی کا صدر بنانے کے حق میں ووٹ دیے، میں ایسی پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتا ہوں۔’ ان کے اس بیان کے بعد پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی پارلیمان کا احترام کرتی ہے اور ہمیشہ کرتی رہے گی۔ بلاول نے عمران خان اور شیخ رشید کا نام لیے بغیر یہ بھی کہا کہ وہ دوسروں کے رویے کا کچھ نہیں کر سکتے لیکن وہ خود پارلیمان کی بےعزتی کی توثیق نہیں کریں گے۔