گزشتہ روز کورنگی میں شہید ہونے والے تین پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
کراچی کےعلاقے کورنگی میں گزشتہ روز دارالعلوم روڈ پر نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے تین پولیس اہلکار اے ایس آئی قمر الدین، کانسٹیبل بابر اور افضل شہید ہوئے تھے جب کہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک بچہ زاہد عالم بھی جاں بحق ہوا۔ آج صبح کے اوقات میں پولیس ہیڈ کوارٹر گارڈن میں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید اور آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سمیت دیگر اعلیٰ پولیس حکام نے شرکت کی۔ جب کہ نماز جنازہ میں شہید اہلکاروں کے اہل خانہ اور عزیزو اقارب بھی شریک تھے۔ آئی جی سندھ نے نماز جنازہ کے بعد شہید ہونے والوں کے ورثا سے تعزیت کا اظہار کیا۔ دوسری جانب فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے بچے زاہد عالم کی نماز جنازہ بھی کورنگی میں اس کے رہائشی علاقے میں ادا کردی گئی۔ نمازہ جنازہ میں بچے کے عزیزو اقارب سمیت اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ خیال رہے کہ کراچی میں شہید ہونے والے تینوں اہلکار عوامی کالونی پولیس اسٹیشن میں تعینات تھے جب کہ حملے کے وقت اہلکاروں نے بلٹ پروف جیکٹ نہیں پہن رکھی تھی۔