ہماچل پردیش: لڑکی کو اغوا کرنے کے بعد اس سے شادی کرنے کی خبریں تو آپ نے بہت سنی ہوں گی اور اس حوالے سے فلمیں بھی دیکھی ہوں گی لیکن بھارت میں ریوالور رانی کے نام سے مشہور لڑکی نے اپنی محبت کو پانے کےلئے لڑکے کو گن پوائنٹ پر منڈپ سے اغوا کرکے اس کے ساتھ شادی رچا لی۔
The girl kidnapped the boy on gunpoint and got married in India
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ورشا ساہو نامی لڑکی اس وقت خبروں کی زینت بنی تھی جب 15 مئی کو اس نے ایک لڑکے اشوک یادیو کو شادی کے منڈپ سے گن پوائنٹ پر اغوا کر لیا تھا اور تب سے لوگ اسے ریوالور رانی کے نام سے پکارنے لگے تھے۔ اب ورشا نے اشوک سے شادی کر لی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ یہ دن دیکھنے کے لیے اسے بہت پاپڑ بیلنے پڑے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اشوک اور ورشا گزشتہ 8 برس سے ایک دوسرے کو جانتے تھے اور شادی کرنا چاہتے تھے لیکن اشوک کے گھر والوں نے اس کی شادی کہیں اور طے کردی تھی اور اشوک نے بھی اپنے گھر والوں کی مرضی کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے تھے؛ تاہم ورشا کو یہ بات بالکل بھی گوارا نہ تھی کہ جس سے وہ محبت کرتی ہے اس سے کوئی اور لڑکی شادی کرلے لہذا وہ عین شادی والے دن منڈپ پہنچ گئی اور اشوک کو سب کے سامنے گن پوائنٹ پر اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئی۔