اترپردیش: بھارتی ریاست اترپردیش میں ایک لڑکی درجنوں لوگوں کی موجودگی میں شادی کے منڈپ سے دلہے کو اغوا کرکے لے گئی۔

The girl was kidnapped groom on their wedding pavilion
بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع ہمیرپور میں اشوک یادو نامی شخص کی شادی کی تقریب جاری تھی کہ اچانک ایک گاڑی منڈپ کے بالکل سامنے آکر رکی جس میں ایک لڑکی اور دو مرد سوار تھے، لڑکی نے باہر نکل کر دلہے کی کنپٹی پر پستول رکھ دیا اور ساتھ چلنے کو کہا۔ دلہے کو بھی اپنی زندگی پیاری تھی اور باراتیوں کو بھی، اس لیے لڑکی دن دیہاڑے درجنوں لوگوں کی موجودگی میں دلہے کو اغوا کرکے چلی گئی۔
اشوک کے والد رام ہیت یادو نے پولیس کوبتایا کہ ان کے بیٹے کی یہ دوسری شادی ہے اور اگر اشوک نے چوری چھپے کچھ کیا ہو تو انہیں اس کا علم نہیں ہے جب کہ دلہن کے باپ کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی بیٹی کی شادی کے لیے بڑی رقم خرچ کی ہے، اس لئے اسے ہر حال میں اشوک کی رہائی درکار ہے۔
پولیس حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس معاملے کی تفتیش جاری ہے کہ لڑکی کون تھی اوراس نے ایسا کیوں کیا جب کہ پولیس کا خیال ہے کہ دلہے کو جس خاتون نے اغوا کیا ہے وہ ہوسکتا ہے کہ اس کی سابق محبوبہ ہو یا دونوں پہلے سے ہی شادی شدہ ہوں۔








