کراچی……….اے گرل ان دی ریور معروف پاکستانی خاتون فلم ساز شرمین عبید چنائے کی غیرت کے نام پر قتل کے رجحان پر مبنی دستاویزی فلم 28 فرور ی کی شب اکیڈمی ایوارڈ اسٹیج کی زینت بنے گی۔
اے گرل ان دا ریور، دا پرائس آف فارگونس کو پانچ دیگر دستاویزی فلموں کے ساتھ بہترین مختصر دستاویزی فلم کے شعبے میں نامزد کیا گیا ہے۔ گزشتہ دنوں فلم کی وزیر اعظم ہائوس میں اسکریننگ ہوئی اور میاں نواز شریف نے شرمین عبید کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت غیرت کے نام پر قتل کی برائی سے نجات کے لیے مناسب قانون سازی کا مصمم ارادہ رکھتی ہے۔ اس سے پہلے 2012ء میں سیونگ فیس نامی دستاویزی فلم پر آسکر ایوارڈ جیت کر شرمین نے دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم بلند کیا تھا۔ وہ ان گیارہ خواتین فلم ڈائریکٹرز میں شامل ہیں جو اب تک کسی نان فکشن فلم کے لیے آسکر ایوارڈ جیت چکی ہیں۔