کیرالا (ویب ڈیسک) دنیا میں زیادہ لوگ راستہ تلاش کرنے کیلیے گوگل میپ کا استعمال کرتے ہیں تاکہ درست مقام پر پہنچ سکیں۔ بھارت میں گوگل میپ کو فالو کرتے ہوئے ایک کار 30 فٹ گہرے گڑھے میں جاگری جس کے باعث تین افراد زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کی معلومات کے مطابق حادثہ بھارتی ریاست کیرالا میں پیش آیا جہاں کار سوار تین دوست راستے میں پل کی تعمیر کی غرض سے کیے گئے 30 فٹ گہرے گڑھے میں جا گرے۔ معلومات میں بتایا گیا ہے کہ ڈرائیور گوگل میپ کے ذریعے منتخب کیے گئے روٹ کو فالو کررہا تھا کہ اسے احساس ہوا کہ تاریکی کی وجہ سے آگے کوئی سڑک دکھائی نہیں دے رہی جس پر اس نے گاڑی کی رفتار کم کردی لیکن اس وقت تک دیر ہوچکی تھی کیونکہ گاڑی گڑھے کے عین کنارے پر رکی تھی۔ ڈرائیور نے فوری طور پر گاڑی کو واپس موڑا تو اس دوران گاڑی پانی سے بھرے گڑھے میں جاگری۔ پانی 10 فٹ گہرا تھا اور پوری گاڑی پانی میں ڈوب چکی تھی اور تینوں دوست گاڑی کے اوپر چڑھ کر مدد کے لیے پکار رہے تھے۔چیخ و پکار سن کر مقامی افراد مدد کو پہنچے جنہوں نےانہیں گڑھے سے باہر نکالا اور ریسکیو کے دوران انہیں چوٹیں بھی آئیں۔