لاہور: اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ تحریکیں چلانے سے ملک کونقصان بھی ہوسکتاہے اور تحریک انصاف اب کے پی کے میں بھی حکومت نہیں بناسکے گی۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان کے ایکشن سے نواز شریف طاقت ور ہورہے ہیں، عمران خان نے اپنے ساتھ خود زیادتی کی ہے،انہوں نے اسلام آباد لاک ڈاون کا اعلان کرکے اپوزیشن کو توڑ دیا، عمران خان نےکبھی سیاست نہیں کی اس لئے ان کو پتہ نہیں کہ سیاست میں جلد بازی نہیں چلتی، سیاست میں سب کو ساتھ لے کر چلنا پڑتا ہے لیکن عمران خان نے نے سیاست کو بچوں کا کھیل سمجھا ہے، ہم نے بڑی محنت کےساتھ سب کو یکجا کیا تھا، پاناما لیکس کے معاملے پر ٹی او آر بنائے اور آل پارٹیز کانفرنس کیں، اپوزیشن نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا تھا کہ پاناما بل منظور نہیں ہوا تو تمام جماعتیں مل کر تحریک چلائيں گی لیکن پانامابل کی منظوری کی بجائے عمران خان لاک ڈاؤن کے لئے چلےگئے، صبح 10 بجے پتا چلا کہ عمران خان نے لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان بھی کردیا، شاہ محمود سے رابطہ کیا کہ اعلان کیسے کردیا تو انہوں نے بھی لاعلمی کا اظہار کیا۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے کارکن ڈنڈے کھارہے تھے اور قیادت بیانات دے رہی تھی۔ تحریک انصاف آج تک معاشی پروگرام بھی نہیں دے سکی، تحریک انصاف اب کے پی کے میں بھی حکومت نہیں بناسکے گی۔ تحریکیں چلانے سے ملک کونقصان بھی ہوسکتاہے، اسی لیے پیپلزپارٹی نے اس وقت تحریکیں چلائیں جب ضرورت تھی، دہشت گردی کے خلاف کھلم کھلا صرف پیپلزپارٹی ہی سامنے آئی ، پیپلز پارٹی ہی عمران خان کو بچا رہی ہے، اب پیپلزپارٹی کاوکیل ہی عمرانخان کا دفاع کررہاہے، تحریک انصاف نے ادھار میں بابر اعوان کو وکیل کیا ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ راحیل شریف کوآرمی چیف بنانا بہترفیصلہ ثابت ہواہے، وہ جنرل راحیل شریف کو خراج تحسین پیش کرتےہیں، انہوں نے مشکل وقت میں فوج کی کمان سنبھالی، فوج لڑ رہی ہے اور دہشت گرد بھاگ رہے ہیں، اس میں تسلسل کیسخت ضرورت ہے، اگر اس پالیسی میں تبدیلی آئی تو بہت بڑا نقصان اٹھانا پڑے گا، اس لیے سنیئرترین جرنیل کو آرمی چیف بناناچاہئے۔