احمد جی چھاگلہ کی تیارکی گئی قومی ترانے کی اصلی دھن کو عالمی معیار کے سازوں کے مطابق نئی جدت دی جائے گی۔
اسلام آباد: حکومت کا قومی ترانے کی دھن کو ترتیب دینے کا فیصلہ، حکومت نے قومی ترانے کی اصلی دھن کو عالمی معیار کے سازوں کے مطابق اس میں جدت لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کی زیر صدارت پاکستان کے یوم آزادی کی 70 سالہ تقریبات کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ احمد جی چھاگلہ کی تیارکی گئی قومی ترانے کی اصلی دھن کو عالمی معیار کے سازوں کے مطابق نئی جدت دی جائے گی جو پاکستان کی ثقافت کی بھی علم بردار ہو گی۔
اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے جمال شاہ کو اس حوالے سے تفصیلی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے وزارت اطلاعات کو ہدایت کی کہ یوم آزادی کی تقریبات کو شایان شان منانے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست آزادی کے ساتھ اس نعمت کے لیے ہمارے آباؤ اجداد کی بے مثال قربانیوں کی بھی یاد دلاتا ہے جو ایک پرچم تلے متحد ہوئے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزارت اطلاعات اور اس کے ذیلی ادارے یوم آزادی کی تقریبات کو خصوصی اور تاریخی بنانے کے لیے مربوط کوششیں کریں۔ تقریبات کے دوران ملک کے ہر حصے کے کلچر اور آرٹ کو اجاگر کیا جائے گا۔