لاہور (ویب ڈیسک) حکومت نے اپنی ایک سالہ کارکردگی جانچنے کے لئے عوام سے رائے لینے کا فیصلہ کر لیا ، سروے میں عوام سے 16سوالات کے جوابات پوچھے گئے ہیں جبکہ پنجاب حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے بھی آگاہی حاصل کی گئی ہے ۔ سامنے آنے والے فارم میں سب سے پہلے جنس، عمر، صوبے سے تعلق ، تعلیم،2018ء کے انتخابات میں کس جماعت کوووٹ دیا اور آئندہ انتخابات ہوئے تو کس پارٹی کو ووٹ دیں گے کے بارے میں پوچھا گیا ہے ۔ مجموعی طو رپر پوچھے گئے 16سوالات میں سے پہلے سوال میں یہ استفسار کیا گیا ہے کہ گزشتہ ایک سال میں پی ٹی ائی کی وفاقی حکومت نے مجموعی طور پر کس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس میں بہت اچھی، نہ چھی نہ بری، بری اور بہت بری کے چار آپشنز رکھے گئے ہیں۔ ایک سال میں حکومت کی کامیابی کیا ہے جس میں آئی ایم ایف سے ڈیل ، اداروں میں اصلاحات، پناہ گاہوں کا قیام، احتساب اور خارجہ پالیسی کے آپشنز شامل ہیں۔ایک سال میں پی ٹی آئی کی حکومت کی ناکامی سے متعلق بھی استفسار کیا گیا ہے اور اس میں چار آپشنز رکھے گئے ہیں جس میں معاشی کارکردگی، اداروں کی اصلاحات ،مہنگائی اور احتساب شامل ہیں۔ یہ سوال بھی پوچھا گیا ہے کہ معیشت میں سب سے اہم مسئلہ کیا ہے جس کو پی ٹی آئی کی حکومت کو نمٹنا چاہیے جس میں ٹیکس اصلاحات، سرکاری کاروباری اداروں کوبہتر بنانا، نوکریاں، پچاس لاکھ گھر، کاروبار کرنے میں اآسانی کے آپشنز شامل ہیں۔ سماجی خدمات میں سب سے اہم مسئلہ کیا ہے جس کو پی ٹی آئی کی حکومت کو نمٹنا چاہیے اس میں تعلیم، صحت پینے کا صاف پانی ، موسمیاتی تبدیلی ‘ دس ارب سونامی اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بارے میں آگاہی حاصل کی گئی ہے۔ یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ آپ کے خیال میں انتہائی اصلاحات کیا ہیں جس میں پولیس اصلاحات، حکومت میں بدعنوانی کی اصلاحات، عدالتی اصلاحات، سول سروس، بیورو کریسی میں اصلاحات ، مقامی حکومت / بلدیات میں اصلاحات کا آپشن دیا گیا ہے۔ پاکستان کی سالمیت کے لئے اہم اصلاحات بارے بلوچستان مفاہمت ، جنوبی پنجاب کی تخلیق، کراچی پیکج اور غربت میں کمی کاآپشن دیا گیا ہے ۔سوالات میں زرعی اصلاحات میں حکومت نے اچھی کارکردگی بارے استفسار کیا گیا ہے اور اس کے لئے بہت اچھی ، اچھی، نہ اچھی نہ بری، بری اور بہت بری کے آپشنز رکھے گئے ہیں۔ سوالات میں فاٹا اصلاحات میں حکومت کی کارکردگی بارے بھی استفسار کیا گیا ہے اور اس کے لئے چار آپشنز رکھے گئے ہیں۔ اسی طرح عدالتی ، قانونی اصلاحات میں حکومت کی کارکردگی بارے استفسار کرکے چارآپش پوچھے گئے ہیں ۔ مقامی /بلدیاتی حکومت کی اصلاحات میں پی ٹی آئی کی حکومت نے کتنی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔سیاحت ،ٹیکس اورایف بی آر کی اصلاحات میں حکومت نے کتنی اچھی کارکردگی دکھائی۔ اس کے علاوہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت کی کارکردگی بارے بھی پوچھا گیا ہے ۔یہ سروے آن لائن ہوگا جسے لنک کے ذریعے اوپن کر کے سوالات کے جوابات دئیے جا سکیں گے ۔