اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے سپریم کورٹ کی جانب سے آسیہ بی بی کو بری کرنے کے فیصلے کیخلاف 3 روزہ دھرنے کے دوران مبینہ طور پر تشدد میں شامل تحریک لبیک پاکستان کے 19 مقامی رہنماﺅں کی گرفتاری کیلئے جاری کئے گئے احکامات واپس لے لئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے ضلعی مجسٹریٹ حمزہ شفقت کی جانب سے 7 نومبر کو جاری کئے گئے ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 2 نومبر کو 19 افراد کی گرفتار کیلئے جاری ہونے والے گرفتاری کے احکامات ‘مفاد عامہ کے تحت’ واپس لے لئے گئے ہیں جس کا فوری طور پر اطلاق ہو گا۔مقامی انتظامیہ نے سیکرٹری داخلہ، اسلام آباد کے چیف کمشنر، انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس اور اڈیالہ جیل کی انتظامیہ کو گرفتاری کے احکامات واپس لینے کے حوالے سے آگاہ کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سےقبل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تشدد اور تشدد کیلئے اکسانے پر ایم پی او 1960 کی دفعہ تین کے تحت 19 افراد کے وارنٹ جاری کئے گئے ہیں۔