کراچی: میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت عوام کی جانوں سے کھیل رہی ہے اور کراچی سے پیسے سے دبئی میں جائیدادیں بنائی جا رہی ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وسیم اختر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے 8 سالوں میں ادارے تباہ کر دیئے ہیں، پیسے لے کر کثیر المنزلہ عمارتیں بنانے کی اجازت دی جا رہی ہے، کراچی سے پیسے بنا کر دبئی میں جائیدادیں خریدی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام مشکل میں ہیں اور اس پر سندھ حکومت کو شرم آنی چاہیئے، صوبائی حکومت کراچی کے عوام کی جانوں کے ساتھ کھیل رہی ہے۔
وسیم اختر کا کہنا تھا کہ فائر بریگیڈ والوں کے پاس سہولیات کا فقدان ہے، فائر فائٹرز کے پاس ہیلمٹ بھی نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود یہ لوگ اپنی جانوں پر کھیل کر فرائض انجام دے رہے ہیں، سہولیات نہ ہونے کے باوجود جس طرح فائر گریگیڈ کا عملہ کام کر رہا ہے یہ کسی عجوبے سے کم نہیں ہے، فائر بریگیڈ کے لئے 10 گنا زیادہ سامان کی ضرورت ہے۔