اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ 10 پیسے کا اضافہ ہوگا، اطلاق صنعتی اور زرعی صارفین پر نہیں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے عوام کیلئے بجلی مزید مہنگی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے نوٹیفیکشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفیکشن کے مطابق فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 10 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔اضافے سے صارفین پر 1 ارب 20 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔ جبکہ اس اضافے کا اطلاق صنعتی اور زرعی صارفین پر نہیں ہوگا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ مئی کے ماہ کیلئے کی گئی ہے۔ اس فیصلے کا اطلاع اگست کے بجلی کے بلوں پر ہوگا۔دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے کے تحت بجلی کی قیمت کا نیا ٹیرف اگست 2019 میں جاری کیا جائے گا،نیپرا 2020 کے بجلی ٹیرف کا اعلان ستمبر 2019 میں طے کرے گا،نیپرا کی خود مختاری کا بل دسمبر 2019 میں پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے کے تحت ہر تین ماہ بعد بجلی کی قیمتوں پر نظرثانی کی جائے گی۔