سپریم کورٹ میں آج جہانگیر ترین کی آف شور کمپنی سے متعلق نااہلی کیس کی سماعت ہوگی، سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کرے گا۔
The hearing of Jahangir Tareen disqualification case will be today
چیف جسٹس آف پاکستان نے حنیف عباسی کی درخواست پر عمران خان کی نااہلی سے متعلق سماعت پر کارروائی پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور کے بیرون ملک ہونے کے سبب روک دی۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ جتنے روز انور منصور بیرون ملک ہیں، اس دوران جہانگیر ترین کے وکیل دلائل شروع کر دیں، عدالت ان کیسز کو جلد نمٹانا چاہتی ہے، ان مقدمات کے باعث عام لوگوں کے کیسز سننے میں تاخیر ہو رہی ہے۔ پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے عدالت کو بتایا تھاکہ انور منصور 31 تاریخ تک واپس آجائیں گے۔
حنیف عباسی کے وکیل کا کہنا تھا کہ وہ جواب الجواب انور منصور کے دلائل کے بعد دیں گے۔ عدالت نے اس دوران جہانگیر ترین کے وکیل کو ہدایت کی کہ وہ بدھ سے اپنے دلائل کا آغاز کردیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے عمران خان اور جہانگیر ترین کی آف شور کمپنی سے متعلق سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ عمران خان کی اف شور کمپنی سے متعلق انکے وکیل نعیم بخاری دلائل مکمل کر چکے ہیں جبکہ جہانگیر ترین کی آف شور کمپنی کے معاملے پر عدالت عظمیٰ کل سماعت کرے گی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سماعت کرنے والا بینچ جسٹس فیصل عرب اور جسٹس عمر عطا بندیال پر مشتمل ہے۔