غیر قانونی طور پر پاکستانی شناختی کارڈ بنوانے کے الزام میں گرفتار افغان خاتون شربت گلہ کے کیس کی سماعت خصوصی عدالت نے کل تک ملتوی کردی۔
شربت گلہ کے وکلاء نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وہ بے قصور ہے اور افغانستان واپس جانا چاہتی ہے، غیرقانونی پاکستانی شناختی کارڈ بنوانے سے متعلق افغان خاتون شربت گلہ کے کیس کی سماعت ایف آئی اے کی خصوصی عدالت کے جج فرح جمشید نے کی۔
شربت گلہ کے وکلاء نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وہ بے قصور ہے اس نے کوئی جرم نہیں کیا، ہزاروں کی تعداد میں افغان مہاجرین پاکستان میں موجود ہیں جن کے پاس قانونی دستاویزات بھی نہیں لیکن انہیں کچھ نہیں کہا گیا، تاہم شربت گلہ کو گرفتار کیا گیا۔
وکلاء نے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ شربت گلہ واپس افغانستان جانے کی تیاریاں کررہی تھی،خاتون بیوہ اور بیمار ہے۔
عدالت نے شربت گلہ کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی ۔