کراچی: ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جس کے بعد انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 156روپے پر ٹریڈ کررہا ہے
روپے کی قدر میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے اور ڈالر ایک بار پھر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، دن کے آغاز پر فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 1.30روپے اضافہ سے 154.20روپے جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت ایک روپے اضافے کے بعد 154.50پیسے پر پہنچ گئی تھی تاہم کچھ ہی دیر بعد ڈالر کی قیمت 156روپے تک جاپہنچی۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق روپے کی قدر میں ریکارڈ بے قدری کا سلسلہ جاری ہے، انٹر بینک میں 3.10 روپے اور اوپن مارکیٹ میں 3.50 روپے کا اضافہ ہواجس کے بعد انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 156 روپے پر ٹریڈ کررہا ہے۔
اوپن مارکیٹ میں 13روز میں ڈالر کی قیمت 7 روپے بڑھ گئی جب کہ رواں ماہ انٹربینک میں ڈالر 8روپے 8پیسے مہنگا ہوا، روپے کی قدر کم ہونے سے جون کے مہینے میں قرضوں کی مالیت میں 800ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 10روپے سے زائد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔