لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ بے بنیاد اور بے ہودہ الزامات لگانے والے ملک و قوم کی خدمت نہیں کررہے۔
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی جس میں صوبے کی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی خدمت کھوکھلے نعروں سے نہیں ہوتی بلکہ عوام کی خدمت کے لئے مٹی کے ساتھ مٹی ہونا پڑتا ہے، جو لوگ منفی سیاست اور الزام تراشی کرتے ہیں وہ ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ شفافیت مسلم لیگ( ن) کی حکومت کا طرہ امتیاز ہے، ہم نے ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کے وسائل بچا کر نئی مثال قائم کی ہے، منصوبوں کو جس رفتار اور معیار کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہمارا دامن کرپشن سے پاک ہے اور جو لوگ منفی سیاست کےعلمبرداراور بے بنیاد الزامات لگارہے ہیں وہ عوامی خدمت کےجذبےسےعاری ہیں۔