اسلام آباد: فواد چودھری کے قلمدان کی تبدیلی کے بعد محکمہ اطلاعات و نشریات میں تقرری پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹرفیصل جاوید کو وزارت اطلاعات میں وزیرمملکت بنائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ قومی اسمبلی اور اپوزیشن کے مقابلے میں کمزورمیڈیا مؤقف کے باعث کیا گیا۔وزیراعظم عمران خان قومی اسمبلی اور میڈیا پر اپوزیشن کے سامنے حکومتی دفاع سے مطمئن نہیں ہیں لہٰذا جلد ہی سینیٹر فیصل جاوید کو وزیر مملکت برائے اطلاعات بنائے جانے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ برس 12 مارچ 2018ء کو ایوان بالا یعنی سینیٹ کے 51 نو منتخب سینیٹرز نے حلف اُٹھایا تھا۔ جس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید خان بھی شامل تھے۔ فیصل جاوید خان کو پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، فیصل جاوید خان سینیٹر منتخب ہونے کے بعد سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔
7 مئی 2018ء کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا ۔ جس میں سینیٹر مولانا بخش چانڈیو نے چیئرمین کمیٹی کے لئے فیصل جاوید کا نام تجویز کیا تھا ۔ چئیرمین کمیٹی فیصل جاوید نے تمام ممبران کمیٹی کا شکریہ ادا کیا تاہم اب انہیں وزیر مملکت برائے اطلاعات تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی کابینہ میں تبدیلی کی گئی تھی جس کے تحت فواد چودھری سے وزارت اطلاعات و نشریات کا قلمدان لے کرانہیں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا قلمدان دیا گیا تھا جبکہ فردوس عاشق اعوان کو مشیر اطلاعات تعینات کیا گیا تھا۔