لاہور: پاکستان اور ورلڈ الیون کے مابین آزادی کپ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ کے دوران شدید حبس اور گرمی نے کرکٹرز اور شائقین کا برا حال کردیا، کئی شائقین میچ ادھورا چھوڑ کر چلے گئے۔
پاکستان اور ورلڈ الیون کے مابین آزادی کپ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ کے روز لاہور شدید گرمی کی لپیٹ میں رہا، دوپہر کو تھوڑی دیر ہلکے بادل دیکھے گئے لیکن بعد ازاں دھوپ نکلی تو شدید حبس اورگرمی ہوگئی، اس کی وجہ سے ڈیوٹی دینے والے ہزاروں اہلکار پسینے میں شرابور رہے، میڈیا کے نمائندوں کا بھی یہی حال تھا، شام کوسورج غروب ہونے پر بھی اسٹیڈیم کے اندر اور باہر موسم کی سختی محسوس کی گئی۔
میچ کے دوران کھلاڑی پسینے میں نہائے نظر آئے، بابراعظم گرمی اور انٹرنیشنل اسٹارز دونوں کا دباؤ لئے بغیر 86 کی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے، احمد شہزاد پانی کی کمی کے سبب پٹھے میں کھچاؤکا شکار ہوئے،طبی امداد کے بعد کھیلنے کے قابل بھی ہوئے تو جلد ہی وکٹ گنوابیٹھے،گرمی کی وجہ سے کئی شائقین میچ ادھورا چھوڑ کر بھی چلے گئے۔ نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ نے باہر جانے والی ایک فیملی سے وجہ پوچھی تو ان کا کہنا تھا کہ حبس کی وجہ سے والدہ کی طبیعت اچانک بگڑ گئی،چند شائقین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے بحالی کا سفر دیکھنے آتو گئے ہیں لیکن برسات کے موسم میں میچز کا انعقاد موزوں فیصلہ نہیں لگتا۔