ممبئی: بھارتی کرکٹ بورڈ نے کرکٹ ورلڈکپ 2019ء کے دوران کھلاڑیوں کو اپنی بیگمات ساتھ لے جانے کی مشروط اجازت دے دی۔ بی سی سی آئی نے کھلاڑیوں پر واضح کیا ہے کہ وہ ٹورنامنٹ کے پہلے 21 روز تک اپنی بیگمات کو ساتھ نہیں رکھ سکیں گے، اس کے بعد کھلاڑی اپنی بیگمات کے ساتھ 15 دن تک رہ سکتے ہیں، اس طرح 16 جون کو شیڈول پاک بھارت میچ کے موقع پر ویرات کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما اور دیگر کھلاڑیوں کی بیگمات موجود نہیں ہوں گی۔
ایک بھارتی اخبار کے مطابق گزشتہ کچھ دوروں کے دوران کرکٹ بورڈ کو کھلاڑیوں کے اہلخانہ کیلئے سہولیات فراہم کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے باعث ورلڈ کپ کے دوران یہ پابندی عائد کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ ورلڈ کپ کے دوران کرکٹرز کے اہلخانہ کو ساتھ لے جانے پر پابندی عائد کرچکا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے یہ فیصلہ ورلڈ کپ کا دورانیہ طویل ہونے اور میچز مختلف شہروں میں ہونے کے باعث کیا گیا ہے۔ آئی سی سی ورلڈکپ 30 مئی سے 14 جولائی تک انگلینڈ میں کھیلا جائے گا اور بھارتی ٹیم اپنا پہلا میچ 5 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی۔