لاہور: بھارت نے پاکستان کو عالمی برادری میں بدنام کرنے کے لیے ایک اور گھناؤنی سازش کرتے ہوئے سری لنکا میں پاکستانی سفارتکار کو انتہائی مطلوب افراد کی لسٹ میں شامل کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق بھارتی تحقیقاتی ایجنسی ’’این آئی اے‘‘ نے دعوی کیا ہے کہ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں پاکستانی سفارت خانے میں تعینات ویزا قونصلر عامر زبیر صدیقی جنوبی بھارت میں امریکا اور اسرائیلی قونصل خانوں پر ممبئی طرز کے حملوں کی پلاننگ کررہے تھے۔ این آئی اے کا دعوی ہے کہ عامر زبیر صدیقی جو 2009 سے 2016 تک پاکستانی سفارتخانے میں تعینات رہے، وہ ممبئی طرز حملوں کی پلاننگ کررہے تھے۔ این آئی اے نے عامر زبیر صدیقی سمیت دیگر دو نامعلوم افراد کی تصاویر انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کی ہیں جن کے بارے میں دعوی کیا گیا ہے کہ وہ دونوں بھی پاکستانی ہیں۔ ان دو افراد میں سے ایک کی عرفیت ونیتھ جبکہ دوسرے کا نام شاہ بتایا گیا ہے۔