راولپنڈی: کنٹرول لائن کی خلاف ورزی پر پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گرفتار ہونے والے بھارتی پائلٹ نے اپنے ویڈیو بیان میں اپنا نام ونگ کمانڈر ابھے نندن اور سروس نمبر 27981 بتایا ہے۔
بھارتی پائلٹ نے اپنے بیان میں پاک فوج کے رویے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ ریکارڈ پر لانا چاہوں گا اور میں اگر اپنے ملک واپس بھی گیا تو اپنا بیان تبدیل نہیں کروں گا کہ پاک فوج کے افسران نے میرے ساتھ اچھا برتا ؤکیا، یہ سب مہذب ہیں، فوج کے کپتان نے مجھے مشتعل ہجوم سے بچایا۔ بھارتی پائلٹ نے کہا کہ پاکستانی فوج کا رویہ انتہائی متاثر کن ہے۔ پائلٹ سے جب سوال کیا گیا کہ وہ کہاں سے آیا ہے تو اس پر اس نے جواب دیا کہ ڈان ساؤتھ۔ بھارتی پائلٹ نے بتایا کہ وہ شادی شدہ ہے، پائلٹ نے چائے دینے پر پاک فوج کے اہلکار کا شکریہ ادا کیا اور چائے کی تعریف بھی کی۔ بھارتی پائلٹ سے جب پوچھا گیا کہ وہ کونسے طیارے میں پرواز کر رہا تھا جس پر پائلٹ نے جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ ریکارڈ حاصل کر چکے ہیں۔بھارتی پائلٹ سے مشن کے بارے میں پوچھا گیا جس پر اس نے جواب دینے سے معذرت کرلی۔دوسری جانب بھارت نے پاکستان سے بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھے نندن کی فوری اور بحفاظت رہائی کی درخواست کردی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ’انڈین ایئرفورس‘ کے تباہ ہونے والے طیارے میگ21 کے پائلٹ کو فوری طور پر رہا کرے اور اس کی بحفاظت وطن واپسی کو یقینی بنایا جائے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ زیرحراست پائلٹ کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں جس میں پائلٹ کی شناخت ونگ کمانڈرابھے نندن بتائی گئی ہے اور اس کا سروس نمبر بتایا گیا ہے۔