نئی دہلی: پائلٹ ابھی نندن کی بھارت واپسی کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھارت کے ہر عمل کو نوٹس کرتی ہے اور دنیا کو اس بات کا علم بھی ہےکہ بھارتی عوام ڈکشنری کے لفظ کا مطلب بدلنے کی طاقت رکھتی ہے
تفصیلات کے مطابق بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی بھارت واپسی کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب سے پہلے ابھی ندن کا مطلب ”خوش آمدید” تھا ، لیکن اب ابھی نندن کا مطلب بدل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھارت کے ہر عمل کو نوٹس کرتی ہے اور دنیا کو اس بات کا علم بھی ہے کہ بھارتی عوام ڈکشنری کے لفظ کا مطلب بدلنے کی طاقت رکھتی ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا یہ بیان بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی بھارت حوالگی کے ایک روز بعد سامنے آیا۔ گذشتہ روز بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی رہائی پر بھارتی وزیراعظم مودی نے ٹویٹر پر جاری پیغام میں بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بھارت واپس لوٹنے پر خوش آمدید کہا۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ بھارت کی 130 کروڑ عوام کو ابھی نندن پر فخر ہے۔ تاہم اس موقع پر مودی نے پاکستان کے جذبہ خیر سگالی کو سراہنے سے گریز کیا تھا۔ یاد رہے کہ پاکستان نے جنگی اور سفارتی محاذ پر کامیابی سمیٹنے کے باوجود امن کے فروغ کے لیے جذبہ خیر سگالی کے تحت گذشتہ روز بھارتی پائلٹ ابھینندن کو رہا کر دیا تھا۔بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو اسلام آباد سے لاہور لایا گیا جہاں اسے براستہ واہگہ بارڈر بھارت کے حوالے کیا گیا۔بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کی گرفتاری کے بعد سے بھارتی میڈیا میں یہ چرچا تھا کہ پاکستان اب پائلٹ کی رہائی کے لیے بھارت کے سامنے شرائط رکھے گا ، بھارتی حکومت نے مؤقف دیا کہ ہم کسی قسم کی شرائط ماننے کو تیار نہیں ہیں۔