بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے ایک گاؤں گیندی کھاتا میں 800 افراد کے ایک ہی دن پیدا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتراکھنڈ کے شہر ہریدوار سے تقریباً 20 کلومیٹر دور واقع گاؤں گیندی کھاتا سے تعلق رکھنے والے 800 افراد کے شناختی کارڈز پرتاریخ پیدائش یکم جنوری درج ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں ایک ہی تاریخ پیدائش درج ہونے کی خبر نے میڈیا کی توجہ حاصل کرلی۔ گیندی کھاتا گاؤں کے رہائشی الف دین کے شناختی کارڈ پر بھی تاریخ پیدایش یکم جنوری درج ہے اور صرف ان ہی کے نہیں بلکہ ان کے خاندان کے ہر فرد کے شناختی کارڈ پر یہی تاریخ درج ہے۔ الف دین نے اس بارے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے گاؤں کے تمام افراد نے اپنا شناختی کارڈ بنانے کےلیے ووٹر آئی ڈی کارڈ اور راشن کارڈ ایک پرائیویٹ ایجنسی کو دیئے تھے۔ اس ایجنسی سے ہی شناختی کارڈ بنانے کے دوران یہ غلطی ہوئی ہے۔
گاؤں کے ڈپٹی چیف محمد عمران کا کہنا ہے کہ مقامی افراد نے ایک پرائیویٹ ایجنسی کو شناختی کارڈ بنانے کےلیے اپنے ووٹر آئی ڈی کارڈ اور راشن کارڈ ز کی نقول فراہم کی تھیں، یہ غلطی ایجنسی کی جانب سے ہی کی گئی ہے۔ مقامی افراد اس بات پر بہت پریشان ہیں کہ وہ صحت و تعلیم کے شعبے اور عوامی فلاح وبہبود کے مختلف منصوبوں سے استفادہ نہیں کرسکیں گے جس کےلیے انہیں شنا ختی کارڈ کی ضرورت پڑے گی۔ واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں کہ شناختی کارڈ پر متعدد لوگوں کی یکساں تاریخ پیدائش درج ہو بلکہ اسی طرح کا ایک اور واقعہ اگست میں بھی سامنے آیا تھا جب آگرہ کے تین گاؤں کے تمام رہائشیوں کے شناختی کارڈ پر ایک ہی تاریخ یکم جنوری درج تھی۔