مانچسٹر: عالمی رہنماؤں نے برطانوی شہر مانچسٹر میں میوزک کنسرٹ میں بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔
برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے دہشت گردی کے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاک شدگان کے لواحقین سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے مانچسٹر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف برطانوی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
آسٹریلوی وزیراعظم میلکم ٹرن بال نے اسے خصوصا بدترین حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں نوجوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ان کے شہری مانچسٹر حملے پر شدید صدمے کا شکار ہیں۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس حملے کی پُرزور مذمت کی ہے۔ سنگاپور کی وزارت خارجہ نے بھی اپنے جاری کردہ بیان میں مانچسٹر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ افراد سے تعزیت کی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ رات مانچسٹر میں ایک میوزک کنسرٹ کے دوران خودکش دھماکے میں 22 افراد ہلاک جب کہ 50 سےز ائد زخمی ہوگئے تھے۔