اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا بلین ٹری سونامی کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈا کیا جارہا ہے، اپوزیشن سے التجا کرتی ہوں بلین ٹری سونامی پہ سیاست نہ کریں۔تفصیلات کے مطابق وزیربرائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ بلین ٹری سونامی کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے، اتوار کوسارا دن سائٹ وزٹ میں گزارا اور شواہد اکٹھے کئے، اپوزیشن سے التجا کرنے آئی ہوں کہ بلین ٹری سونامی پہ سیاست نہ کریں۔زرتاج گل کا کہنا تھا یہ کسی جماعت یا صوبے کا نہیں بلکہ ملک کے مستقبل کا منصوبہ ہے، انٹرنیشنل ڈونر اور کمیونٹی بہت بریکی سے اس پراجیکٹ کو مانیٹر کر رہی ہے اور تمام عالمی اداروں نے اس پراجیکٹ کو رجسٹر کیا اور اس کاوش کو سراہا۔وزیربرائے موسمیاتی تبدیلی نے کہاکہ دنیا اس بلین ٹری سونامی کو دیکھ رہی ہے اپوزیشن کا پراپیگنڈا شرم ناک ہے، کل جب کلائمٹ چینج دنیا کو متاثر کر رہا ہوگا، پاکستان میں لوگ بلین ٹری سونامی کو دعائیں دے رہے ہوں گے۔انھوں نے کہا یہ دنیا کا چوتھا بڑا اقدام ہے کلائمٹ چینج کےلئے، میں تمام صحافیوں اور اینکرز سے گزارش کروں گی کہ بلین ٹری سونامی کے خلاف پروپیگنڈا کو ناکام بنائیں۔زرتاج گل کا کہنا تھا خشک اور بنجر زمینوں پہ درخت اگائے گئے، درختوں کی حفاظت کےلئے مقامی لوگوں پہ مشتمل فورس بنائی گئی، کے پی کے کے اندر بلین ٹری سونامی کے لئے سولہ لوگوں نے جانیں قربان کیں اور 345لوگوں کو سزائیں دی گئیں۔وزیرمملکت نے کہاکہ 2014 میں یہ پراجیکٹ شروع کیا گیا جس کی لاگت بائیس ارب دی گئی،بائیس ارب کا تخمینہ لگایا گیا تھا مگر ہمارا صرف بارہ ارب خرچ ہوا، دس ارب کی بچت کی گئی، ایک ارب درخت لگانے تھے لیکن ہم نے ایک ارب بیس کروڑ درخت لگائے۔ان کا کہنا تھا مالاکنڈ میں قیمتی لکڑی چوری ہوتی تھی،اس دفعہ لکڑی کاٹنے نہیں دی گئی اور ایک لاکھ چرانوے ہزار فٹ لکڑی پکڑی گئی، چھ سو آرے مشینیں پکڑی گئیں۔زرتاج گل نے کہا دنیا میں پچاس فیصد کو کامیابی سمجھا جاتا ہے جبکہ پاکستان میں اس پراجیکٹ کو اسی فیصد کامیابی ملی، بلین ٹری سونامی کی کامیابی کی گواہی دنیا کے بڑے اور معتبر اداروں نے دی ہے، کے پی کے اسمبلی کے دورانی صاحب نے بلین ٹری سونامی کے خلاف کمپین شروع کردی ہے۔میں چیلنج کرتی ہوں بلین ٹری سونامی منصوبے میں کوئی گھپلا دیکھائیں۔وزیرمملکت کا کہنا تھا میں چیلنج کرتی ہوں اس پراجیکٹ میں کوئی گھپلا دیکھائیں، اب دس ارب درختوں کو انٹرنیشنل ادارے فنڈز جاری کرنے جارہے ہیں تو پروپیگنڈا شروع کر دیا گیا، بلین ٹری سونامی کو ایک عبادت سمجھ کے مکمل کر رہے ہیں۔زرتاج گل نے کہاکہ جرمن گورنمنٹ نے ہیلتھ فنڈز رکھے تھے مگر بلین ٹری سونامی کی افادیت دیکھتے ہوئے جاری کئے گئے، پلانٹ فار پاکستان کا پراجیکٹ کامیابی سے مکمل کیا۔ٹمبر مافیا کے حوالے سے ان کا کہنا تھا ٹمبر مافیا درختوں کی چھال اتار نے کے لئے درختوں کو آگ لگا دیتے ہیں، آگ لگنے سے درخت کھوکھلا ہوجاتا ہے جسے بہانا بنا کے اٹھا لیا جاتا ہے، اس دفعہ مارگلہ کی پہاڑیوں میں آگ نہیں لگنے دیں گے۔