اسلام آباد انتظامیہ نے حکمت عملی کے تحت عمران خان کو غیراعلانیہ طور پر بنی گالہ میں نظر بند کر دیا۔ انتظامیہ نے کہا کہ طے کردہ مقام پر جلسہ کر لیں ورنہ کسی دوسری جگہ اجازت نہیں ملے گی۔ شیریں مزاری نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ سرکاری افسر کو پکڑ کر نظر بند کر لیں۔
اسلام آباد/راولپنڈی: تحریک انصاف کو لیٹر دینے مجسٹر یٹ بنی گالہ پہنچے تو باہر ہی قانونی ٹیم اور رہنماؤں نے انہیں گھیر لیا۔ اچانک شیریں مزاری کی انٹری ہوئی اور انہوں نے مجسٹریٹ کو ڈانٹ پلا دی۔ شیری مزاری نے پی ٹی آئی کارکنوں سے یہ بھی کہا کہ وہ سرکاری افسر کو پکڑ کر نظر بند کر لیں۔مجسٹریٹ کا کہنا تھا کہ لیٹر وصول ہو گیا ہے۔ اس سے پہلے جب مجسٹریٹ وہاں پہنچے تو تحریک انصاف کے رہنماؤں اور قانونی ٹیم نے خط وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ بنی گالہ پر صبح سویرے سے ہی پہرہ تھا اور تلاشی کے بغیر کسی کو داخلے کی اجازت نہیں تھی۔ بعض رہنماؤں کو پولیس نے واپس کر دیا لیکن شیریں مزاری گاڑی بھگا کر نکل گئیں۔
عمران خان نے شیخ رشید کو فون بھی کیا اور کہا کہ وہ اُن کے جلسے میں ضرور شریک ہوں گے۔ بنی گالہ کی ہیلی کاپٹر سے بھی کڑی نگرانی جاری رہی۔ ایک وقت میں تین ہیلی کاپٹرز بھی بنی گالہ پر پرواز کرتے رہے۔ پولیس کی جانب سے کپتان کی بنی گالہ میں واقع رہائش گاہ کو مکمل طور پر سیل کیا جانے کے سبب عمران خان آج راولپنڈی کے کمیٹی چوک میں شیخ رشید کے جلسے میں نہیں پہنچ سکے۔