کراچی: شہر کراچی کے جنوب میں کئی چھوٹے چھوٹے جزیرے بحیرہ عرب میں واقع ہیں۔ ان میں سے اکثر ویران ہیں لیکن انہی جزائر میں سے ایک عجوبہ وہ جزیرہ ہے جس پر کتوں کی دنیا آباد ہے۔ انسانوں کی دنیا سے دور اس جزیرے پر سینکڑوں کی تعداد میں کتے رہ رہے ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ ساحلی علاقوں کے ماہی گیر ہر روز ان کتوں کو کھانا اور پانی پہنچاتے ہیں کیونکہ جزیرے پر ان کیلئے پانی اور خوراک کا کوئی اور وسیلہ نہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق کتوں کے اس جزیرے کو لوگ ’ڈنگی‘ کے نام سے جانتے ہیں جبکہ اس کا ایک اور نام ’بڈو‘ بھی ہے۔ عبدالعزیز نامی ایک ملاح بھی ان رحمدل لوگوں میں شامل ہے جو ان جانوروں کو کھانا اور پانی پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ”جب ہم سمندر میں جاتے ہیں تو کتوں کو جزیرے کے کنارے کھڑے دیکھتے ہیں ۔وہ ہمارے منتظر ہوتے ہیں اور ہمیں احساس ہوتا ہے کہ انہیں کھانے اور پانی کی شدید ضرورت ہے۔ ہم سے جو کچھ بھی ممکن ہوتا ہے ہم انہیں پہنچاتے ہیں۔ ہمیں معلوم نہیں کہ یہاں کتوں کی آبادی کب سے شروع ہوئی لیکن ہمارا خیال ہے کہ ساحلی دیہاتوں کے لوگوں نے انہیں یہاں چھوڑا ہوگا جس کے بعد ان کی آبادی میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔ یہ بعض اوقات ساحل پر مری ہوئی مچھلیوں کو کھاتے ہیں اور کبھی کبھار انہیں دیگر چھوٹے موٹے سمندری جاندار بھی مل جاتے ہیں، مگر ان کی زندگی کا انحصار زیادہ تر ان ملاحو ں پر ہی ہے جو روزانہ انہیں کچھ کھانے کو پہنچاتے ہیں۔ “