لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے ملک کی تقدیر بدل کر رکھ دی ہے جب کہ ملک میں سی پیک کے منصوبوں کا اجراء بھی نوازشریف کا تاریخی کارنامہ ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے ملک کی تقدیر بدل کر رکھ دی ہے، نوازشریف نے عزم، محنت اور خدمت کو شعار بناتے ہوئے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا ہے جب کہ ملک میں سی پیک کے منصوبوں کا اجراء بھی نوازشریف کا تاریخی کارنامہ ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ سی پیک کے تحت لگنے والے توانائی منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھایا گیا جب کہ توانائی منصوبوں کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ میں خاطرخواہ کمی آئی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف نے صرف اور صرف خدمت کی سیاست کی ہے، مسلم لیگ (ن) نے ملک میں جمہوری اقدار کو فروغ دیا جب کہ سیاست میں شرافت اور شائستگی مسلم لیگ (ن) کا طرۂ امتیاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے سیاست میں اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، سیاست مخالفین پر کیچڑ اچھالنے کا نہیں خدمت کا نام ہے اور اس کے لیے مٹی سے مٹی ہونا پڑتا ہے جب کہ نوازشریف کے ترقیاتی ویژن کو مزید آگے لے کر جائیں گے۔