چترال: جیپ نمبر اے جے کے 1373 چیوپل کے قریب چنار کے مقام پر دریا میں گرنے سے 7 افراد ڈوب گئے، رضاکاروں نے9 افراد کو بچالیا جبکہ جیپ کوبھی چترال اسکاؤٹس کے کرین کی مدد سے پانی سے نکالا جس کی فرنٹ سیٹ پر راحیلہ بی بی دختر گل رحیم لڑکی کی لاش بھی ملی۔
حادثے میں زندہ بچ جانے والے بشیر الدین نے بتایا کہ وہ صبح اویر ارکاری سے چترال آرہا تھاجیپ میں16افراد سوارتھے جن میں 2خواتین بھی شامل تھیں، عینی شاہد نے کہا کہ محکمہ مواصلات نے دریا کی جانب سڑک کنارے جو حفاظتی جنگلے بنائے، جونہی یہ جیپ اس حفاظتی دیوار سے ٹکرائی تو حفاظتی جنگلہ معمولی جھٹکے سے دریا میں گرگیا اور ساتھ ہی جیپ بھی دریامیں جاگری۔ واضح رہے کہ 6 افراد کا کوئی سراغ نہیں مل سکا، تاہم امدادی کارروائیاں جاری ہیں، تمام افراد کاتعلق آرکاری گاؤں سے ہے، لاپتہ افراد میں افضل خان ،محمد عارف ،حسن شاہ ،سمیر خان ، محمد حسن ،اصلاح الدین شامل ہیں، بشیرالدین کے سوا تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعداسپتال سے فارغ کردیا گیا۔