اسلام آباد(یس نیوز)وزیر مملکت برائے دفاعی پیداوار رانا تنویرکا کہنا ہے کہ بھارت پر کشمیریوں کی حالیہ جدوجہد کا شدید دباؤ ہے، بھارت اس دباؤ کے تاثر کو توڑنے کے لیے گیدڑ بھبکیاں دے رہا ہے۔
وفاقی وزیر دفاعی پیداوار راناتنویر حسین نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہندوستان کی گیڈر بھبکیوں سے ڈرنے والے نہیں، بھارت نے کوئی بھونڈی حرکت کی تو مسلح افواج اور عوام اسے منہ توڑ جواب دینے کی پوزیشن میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے کشمیر کا کیس بھر انداز میں پیش کیاہے، بھارتی جارحیت کامنہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں،دنیا کی بہترین میزائل ٹیکنالوجی ہمارے ہے، پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات مستقبل میں مزید بہتر ہوں گے۔
رانا تنویر حسین کہتے ہیں کہ عمران خان اپنی سیاسی پالیسیوں پر نظر ثانی کریں،سنجیدہ سیاست کریں،ان کی ریلی میں عوامی شمولیت سب کے سامنے ہے،عمران خان نے عوام کا رسپانس دیکھ لیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے چھوٹے جنگی آلات دنیا میں بہترین ہیں، دنیا کے مختلف ممالک یہ آلات فروخت کر رہے ہیں،بھارت اپنے اندرونی معاملات سے توجہ ہٹانے کےلیے اس قسم کی حرکتیں کر رہا ہے،سب جانتے ہیں پاکستانی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے،پاکستان کا دفاع مضبوط ہے ۔
رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 110 نہتے کشمیری شہید کردیے گئے،وزیر اعظم نے اقوام متحدہ میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا،بھارت کی جرأت نہیں کہ وہ ہماری طرف آنکھ اٹھا کر بھی دیکھے۔