اپوزیشن لیڈر خورشید شا ہ کا کہنا ہے کہ قصور میں پیش آنے والا زیادتی کا واقعہ پنجاب حکومت کی ناکامی ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر صوبائی حکومت پر برس پڑے، انہوں نے کہا کہ قانون ہے لیکن عملدرآمد نہیں کرایا جا رہا، اشتہاروں میں نظر آنے والی فورس اب کہاں ہے؟ اس موقع پر ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی بولے کہ یہ معاشرتی مسئلہ کسی ایک صوبے میں نہیں بلکہ ہر جگہ موجود ہے۔ اپوزیشن لیڈر کے کہا کہ اس مسئلے کو قرارداد، وعدوں اور تقریروں تک محدود نہ کیا جائے، صرف سزا کافی نہیں، ایسے واقعات روکنے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے، ایک ایس پی کو ہٹا دینا کوئی بڑی بات نہیں ہے، یہ پارلیمنٹ نتیجہ مانگے گی، ان ماں باپ کو نتیجہ دیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ قصور واقعے نے پورے ملک کو متاثر کیا ہے، جن کی بچیاں ہیں وہ تشویش میں مبتلا ہیں، ہر ماں اپنی بیٹی کے ساتھ کہاں کہاں جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ حکومت نے پانچ سال کے عرصے میں ایسا کوئی کام نہیں کیا جس سے لوگ اپنے آپ کو محفوظ سمجھیں، حکومت بالکل ناکام رہی ہے۔