اسلام آباد: پاناما لیکس کی جے آئی ٹی رپورٹ کے تناظر میں وزیراعظم کی زیر صدارت حکومت کا اہم اجلاس ہوا جس میں بحران سے نکلنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا اور قانونی ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں سپریم کورٹ میں قانونی جنگ کی حکمت عملی ترتیب دینے کے لیے صلاح مشورے کیے گئے۔ پیر کو عدالت عظمیٰ میں جے آئی ٹی رپورٹ کی سماعت ہوگی جس میں حکومت کی نمائندگی کے لیے تین وکلا پر مشتمل ٹیم بھی تیار کی جارہی ہے جو عدالت میں جواب جمع کرائے گی۔ حکومتی اجلاس میں روزانہ کی بنیاد پر اپوزیشن کی پریس کانفرنسز کا جواب دینے کی بھی حکمت عملی طے کی گئی کہ میڈیا سے گفتگو میں وزرا کن امور پر بات کریں گے۔ واضح رہے کہ حکومت نے پاناما جے آئی ٹی رپورٹ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ دوسری طرف اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم پر مستعفی ہونے کے لیے مسلسل دباؤ بڑھا رہی ہیں۔