راولپنڈی (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے ایفیڈرین کیس میں سزا یافتہ رہنماء حنیف عباسی کے گردے فیل ہونے کا خدشہ ہے، اہلیہ حنیف عباسی نے کہا کہ حنیف عباسی کے گردے کی فوری سرجری کی ضرورت ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اہلیہ حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ سروسز اسپتال لاہور کی سی ٹی اسکین رپورٹ آگئی ہے۔
حنیف عباسی کے بائیں گردے میں سوجن ہوگئی ہے۔ حنیف عباسی کے گردے کی فوری سرجری کی ضرورت ہے۔ اہلیہ حنیف عباسی نے خدشے کا اظہار کیا کہ سرجری نہ کرائی تو حنیف عباسی کے گردے فیل ہو سکتے ہیں۔ دوسری جانب کیمپ جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ رہنماء (ن) لیگ حنیف عباسی کو کیمپ جیل میں گردے میں تکلیف کی شکایت ہوئی۔ جس پرحنیف عباسی کی شکایت پر جیل کے ڈاکٹرز سے ان کا طبی معائنہ کروایا گیا ہے۔ واضح رہے انسداد منشیات عدالت نے حنیف عباسی کو ایفیڈرین کیس میں عمر قید کی سزا سنا رکھی ہے۔ حنیف عباسی جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔ دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس عبادالرحمٰن لودھی اور جسٹس شاہد مبین پر مشتمل ڈویژن بنچ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماء محمد حنیف عباسی کی اپیل سماعت کیلئے منظور کر لی ہے۔ حنیف عباسی نے ایفیڈرین کوٹہ کیس میں انسداد منشیات کورٹ کی جانب سے دی گئی عمر قید اور دس لاکھ روپے جرمانہ کی سزا دیئے جانے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔ عدالت نے اے این ایف کو عدالت عالیہ نے نوٹس جاری کر دیا۔ درخواست گزار کے وکیل سینئر ایڈووکیٹ تنویر اقبال خان نے اپیل میں مدعاعلیہ کو دی گئی سزاء کالعدم قرار دے کر باعزت بری کرنے کی استدعا بھی کی اور موقف پیش کیا کہ استغاثہ نے قرار دیا تھا کہ ایفیڈرین سمگل کی گئی تھی جبکہ ٹرائل کورٹ میں یہ ثابت نہیں کیا جاسکا استغاثہ نے یہ بھی موقف اختیار کیا تھا کہ ایفیڈرین کوٹہ دوائی بنانے میں استعمال نہیں ہوا جبکہ عدالتی فیصلے کے مطابق حاصل کردہ کوٹے میں سے 363 کلو ایفیڈرین دوا بنانے میں استعمال ہوئی ہے ٹرائل کورٹ نے 21 جولائی کو محمد حنیف عباسی کو اس کیس میں سزاء سنائی تھی۔