اسلام آباد(ویب ڈیسک )تحریک انصاف کے نامزد گورنر چودھری سرور نے ووٹ ڈالتے ہی سینٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا، چودھری سرور کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔صدارتی امیدوار کیلئے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری سرور نے کہا کہ یقین ہے کہ پی ٹی آئی
امیدوار عارف علوی الیکشن جیتیں گے،ان کا کہناتھا کہ اپنی تقریب حلف برداری کوصدارتی الیکشن میں ووٹ ڈالنے کی وجہ سے ملتوی کیا۔چودھری سرور نے کہا کہ عارف علوی پی ٹی آئی کے نہیں،20 کروڑعوام کے صدرہوں گے،میں نے سینٹ سے استعفیٰ دے دیا ہے،کل بطورگورنرپنجاب حلف اٹھاؤں گا۔چودھری سرور نے کہا کہ میں پاکستان کچھ دینے آیا ہوں،یہاں سے کچھ لینے نہیں آیا۔جبکہ دوسری جانب ا یک اور خبر کے مطابق سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ اور فردوس شمیم نقوی آمنے سامنے آگئے۔نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں اختلافات کا شکار ہوگئی اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لئے پی ٹی آئی کے دو رہنما آمنے سامنے آگئے۔ذرائع کے مطابق صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لئے حلیم عادل شیخ اور فردوس شمیم نقوی میں مقابلہ ہوا۔ تحریک انصاف کے ایک رہنما کے گھر میں اراکین صوبائی اسمبلی جمع ہوئے اور قائد حزب اختلاف کے لئے باقاعدہ ووٹنگ ہوئی جس میں 29 اراکین نے حصہ لیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخاب میں فردوس شمیم نقوی کو 15 جب کہ حلیم عادل شیخ کو 13 ووٹ ملے اور ایک ووٹ خالی کاسٹ کیا گیا۔ انٹرا پارٹی الیکشن کے چیف ثمر علی خان انتخابی نتائج عمران خان کو ارسال کریں گے اور چیئرمین پی ٹی آئی ہی سندھ کے اپوزیشن لیڈر کا باضابطہ اعلان کریں گے۔