لاہور(ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ڈی جی نیب کا دعویٰ ہے کہ وہ مرد مومن ہیں، شہباز شریف کو ایک کیس میں بلا کر دوسرے میں گرفتار کیا گیا۔سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ان پر اور ان کی کابینہ پر الزامات لگائے،
باتیں کرنے اور پگڑی اچھالنے سے کام نہیں بنتا، کرپشن ہے تو سامنے لائیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان اپنی کابینہ میں دیکھیں کرپشن نظر آئے گی۔ انہوں نے نیب کو کالا قانون قرار دیتے ہوئے کہا کہ آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کے بارے میں سب کو پتا، اس کیس میں جان نہیں ہے، اب شہباز شریف کے خلاف رمضان شوگر ملز کا کیس بنا دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سےقبل ڈی جی نیب لاہور کے بیانات کا معاملہ ایوان میں پہنچ گیا، شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے، معاملے پر بحث کرائی جائے۔قومی اسمبلی کے اجلاس سے شاہد خاقان عباسی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا نیب افسر اپوزیشن کا میڈیا ٹرائل کر رہا ہے، یہ تاریخ میں کبھی نہیں ہوا، نیب افسر دستاویزات کا میڈیا پر حوالہ دے رہا ہے جو خفیہ ہیں۔ انہوں نے کہا جو حکومت سے تنخواہ لیتے ہیں ان لوگوں سے احتساب نہیں چاہتے، نیب افسر ٹی وی پر وہ چیزیں بتا رہا ہے جو پبلک نہیں ہوسکتیں۔لیگی رہنما رانا تنویر نے کہا نیب افسر نے میڈیا ٹرائل کیا، یہ حکومت اور نیب کا گٹھ جوڑ ہے، کوئی افسر کسی آشیرباد کے بغیر میڈیا پر اتنی بڑی باتیں نہیں کرسکتا۔