پشاور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما امیر مقام کے بیٹے اشتیاق کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی اے خیبر پختونخوا کے مطابق شانگلہ الپوری روڈ کی تعمیر میں مبینہ کرپشن کی انکوائری مکمل ہونے پر ایف ائی اے اینٹی کرپشن نے کارروائی کی ہے۔
ایف آئی آر میں ٹھیکیداروں، پراجیکٹ ڈائریکٹر، این ایچ اے اور انجینئرز بھی نامزد ہیں۔ امیر مقام کے بیٹے اشتیاق سمیت دیگر 5 ٹھیکیداروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ مذکورہ پراجیکٹ امیر مقام اینڈ کمپنی کو 850 ملین روپے میں ایک سال کے اندر مکمل کرنا تھا لیکن منصوبہ 10 سال بعد بھی نا مکمل ہے اور تخمینہ 2800 ملین سے تجاوز کر چکا ہے۔ ایف آئی اے خیبر پختونخوا نے این ایچ اے کے 11 اعلیٰ افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی، امیر مقام اینڈ کمپنی بلیک لسٹ کرنے کی سفارش کی ہے۔ امیرمقام اینڈ کمپنی سے 626 ملین روپے کی ریکوری کی بھی تجویز دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل پشاور ہائی کورٹ میں مسلم لیگ نون کے صوبائی صدر امیر مقام کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست کی سماعت ہوئی جس کے دوران عدالت نے نیب کو امیر مقام کی بغیر وارنٹ گرفتاری سے روک دیا تھا۔صوبائی صدر مسلم لیگ نون امیر مقام کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نیب میں امیر مقام کے خلاف اثاثہ جات کی انکوائری چل رہی ہے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ نیب لوگوں کو انکوائری کے لیے بلا کر گرفتار کر لیتا ہے لہٰذا نیب کو امیر مقام کو وارنٹ کے بغیر گرفتار کرنے سے روکا جائے۔عدالت نے حکم دیا کہ نیب امیر مقام کو وارنٹ کے بغیر گرفتار نہیں کرے گا۔ نیب انکوائری کرے اور گرفتار کرنا ہے تو 10 دن پہلے وارنٹ جاری کرے۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نیب نے وارنٹ جاری نہیں کیا اور ابھی انکوائری چل رہی ہے۔ عدالت عالیہ نے آئندہ سماعت پر نیب سے جواب بھی طلب کر لیا۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی صدر مسلم لیگ نون امیر مقام نے کہا کہ مجھے ڈر تھا کہ یہ لوگوں کو بلاتے ہیں اور بٹھا لیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب نے جب بھی بلایا ہم حاضر ہوئے اور جو بھی مانگا وہ پیش کیا۔ ان کے اپنے وزراء خود اداروں کو لکھ رہے ہیں کہ کارروائیاں کی جائیں۔امیر مقام نے کہا کہ بات احتساب کی کرتے ہیں اور بی آر ٹی کو نہیں دیکھتے جبکہ نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔