لندن میں پارسنز گرین اسٹیشن پر ٹیوب ٹرین میں ہونے والے دھماکے کے شبہے میں مبینہ طور پر ملوث عراقی کے بعد پولیس نے 21 سالہ شامی پناہ گزین کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق پولیس نے 21 سالہ نوجوان یحییٰ فاروق کو لندن کے مغربی علاقے ہائونسلو سے گرفتار کیا گیا ہے۔ یحییٰ فاروق 2013 میں پناہ گزین کی حیثیت سے شام سے برطانیہ آیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یحییٰ فاروق کو پارٹیوں میں جانے کا شوقین تھا اور وہ ایک نائٹ کلب کے پروموٹر کے طور پر کام بھی کررہا تھا۔ برطانوی سیکریٹری داخلہ امبر رڈ نے میڈیا کو بتایا کہ دوسرے نوجوان کی گرفتاری سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس دہشت گردی میں صرف ’ایک شخص‘ ملوث نہیں تھا تاہم ابھی کسی حتمی نتیجے تک پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔ اس سے قبل ایک 18 سالہ نوجوان کو بھی اسی واقعے میں ملوث ہونے کے شبہے میں حراست میں لیا جا چکا ہے۔ جمعے کو ہونے والے دھماکے میں 30 افراد زخمی ہوئے تھے۔