دوحہ (ویب ڈیسک ) قطر اور پاکستان اہم امور پر متفق پا ئے گئے ہیں ،قطر پاکستان سے 2گیس پاور پلانٹ خریدے گا جبکہ قطر پاکستان میں 2 پاور پلانٹس بھی لگائے گا، قطر پی آئی اے کی بحالی میں تعاون کریگاجبکہ پاکستان سے چاول کی خریداری پر پابندی اٹھا لی ہے ،اس حوالے سے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تصدیق کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا افغان مسئلے کے سیاسی حل کیلئے پاکستان اور قطرایک پیج پر ہیں، افغان طالبان پر قطر کا اثر و رسوخ ہے جو مذاکرات کیلئے فائدہ مند ہوگا، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے وزیراعظم عمران خان کو پیشکش کی ہے کہ وہ آئی ایم ایف اور پاکستان کیساتھ جاری مذاکرا ت میں پاکستان کی مدد کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ کا کہناتھا پاکستان کے سعودی عرب سمیت عرب ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں، دونوں ممالک نے ہماری مدد کا اعلان کیا ہے اور آنیوالے دنوں میں مزید پیش رفت بھی سامنے آئیگی۔