آب زمزم: زمزم کا کنواں مسجد حرام کے اندر مطاف کے صحن میں بیت اللہ سے 21 میٹر کے فاصلے پر زیر زمین واقع ہے، اس کنوئیں کی گہرائی صرف 31 میٹر ہے جبکہ کنوئیں سے پانی کھینچنے کے لیے دو بھاری پمپوں کا سہارا لیا جاتا ہے جہاں پانی کو کھینچ کر خود کار طریقے سے خصوصی پائپ لائنوں کے ذریعے “کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز پروجیکٹ” بھیجا جاتا ہے۔ یہ پروجیکٹ مکہ مکرمہ کے علاقے کدی میں واقع ہے۔ دستاویزی فلم میں دکھایا گیا ہے کہ آب زمزم کو خصوصی ٹینکروں کے ذریعے مدینہ منورہ بھیجا جاتا ہے۔ عام دنوں میں روزانہ اوسطا 1.5 لاکھ لیٹر زمزم مدینہ منورہ بھیجا جاتا ہے جبکہ رمضان اور حج کے سیزن میں یہ مقدار روزانہ 4 لاکھ لیٹر تک پہنچ جاتی ہے۔ آب زمزم کو جراثیم سے پاک کولروں میں بھر کر مسجد حرام اور مسجد نبوی پہنچایا جاتا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مسجد حرام میں آب زمزم کا یومیہ استعمال 7 لاکھ لیٹر کے قریب ہے جب کہ رمضان اور حج کے سیزن میں یہ مقدار یومیہ 20 لاکھ لیٹر تک پہنچ جاتی ہے۔