لیڈز(ویب ڈٰیسک) وہاب ریاض بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں شرکت کریں گے، فاسٹ باولر افغانستان کے خلاف میچ سے قبل زخمی ہوگئے تھے تاہم اب بھی ٹریننگ جاری رکھے ہوئے ہیں، مینیجمنٹ نے اگلے میچ میں کھلانے کا فیصلہ بھی کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ قومی ٹیم کے فاسٹ باولر وہاب ریاض نے دائیں ہاتھ کی انگلی کی انجری کے باوجود ٹریننگ جاری رکھی ہوئی ہے۔ وہاب ریاض نے زخمی حالت میں افغانستان کے خلاف میچ کھیل کر ٹیم کو فتح دلوائی تھی۔ جبکہ وہ اب بھی زخمی حالت میں ہونے کے باوجود بنگلہ دیش کیخلاف میچ بھی کھیلیں گے۔ ٹیم مینیجمنٹ نے بھی انہیں بنگلہ دیش کیخلاف میچ کھلانے کا گرین سگنل دے دیا ہے۔ اس حوالے سے قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ان کیلئے بنگلہ دیش کیخلاف میچ کھیلنا کوئی مشکل کام نہیں ہوگا کیونکہ تازہ انجری کےساتھ افغانستان کیخلاف کھیل گئے تو آئندہ بھی کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی کیونکہ انہیں کچھ دن کا آرام بھی مل جائے گا۔وہاب ریاض نے اعتراف کیا ہے کہ افغانستان کے خلاف مییچ میں انہیں ابتداءمیں درد محسوس ہو رہا تھا لیکن جب کپتان اور باﺅلنگ کوچ نے استفسار کیا کہ وہ کھیلنے کیلئے تیار ہیں تو انہوں نے گرین سگنل دے دیا اور اللہ کی مہربانی ہے کہ میدان میں اترنے کے بعد انہیں کسی بھی قسم کی کوئی مشکل پیش نہیں آئی اور اب وہ اسی حوصلے کے ساتھ بنگلہ دیش کیخلاف بھی کھیلنے کیلئے تیار ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان ورلڈکپ کے سلسلے میں اپنا آخری لیگ میچ بنگلہ دیش کیخلاف کھیلے گا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کا میچ جمعہ 5 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی کیلئے اس میچ میں فتح حاصل کرنا ہوگی۔ تاہم اگر کل نیوزی لینڈ انگلینڈ کو شکست دینے میں کامیاب ہوتی ہے، تب ہی بنگلہ دیش کیخلاف فتح پاکستان کو سیمی فائنل تک لے جائے گی۔ بصورت دیگر بنگلہ دیش کے خلاف فتح کے باوجود پاکستان کو ورلڈکپ میں سفر تمام ہو جائے گا۔