میڈیا ریاست کا اہم ستون. مسائل کی نشاندہی کو اجاگر کرنے میں مثبت کردار ادا کرے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ
اسلام آباد: (اصغر علی مبارک) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ میڈیا ریاست کا اہم ستون ہونے کے باعث ملک کو درپیش مسائل کی نشاندہی کو موثر طریقے سے اجاگر کرنے میں مثبت کردار اداکرے۔ قومی اور عوامی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد باہمی یکسوئی، مثبت سوچ، اصولی سیاست اور تعمیری تنقید سے وابستہ ہے، حکومتی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ مثبت تنقید کرتے ہوئے اصلاح کے پہلو کو بھی ملحوظ خاطر رکھنا چاہئے،2018ء کا پاکستان 2013ء کے پاکستان سے کہیں بہتر اور مستحکم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونین آف جرنلسٹ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا گورنر پنجاب نے کہا کہ میڈیا ریاست کا اہم ستون ہونے کے باعث ملک کو درپیش مسائل کی نشاندہی کو موثر طریقے سے اجاگر کرنے میں مزید اپنا مثبت کردار اداکرے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی حقیقی معنوں میں معاشرے کے کان اور آنکھیں ہیں انہیں چاہئے کہ وہ حکومت کی کامیابیوں اور کارکردگی کو سامنے رکھتے ہوئے عوام کو صحیح صورتحال سے آگاہ کریں۔ گورنر نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی معاشی حالت کو بہتر بنانے اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے مختلف منصوبہ جات پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ہم سب کا ہے، تمام جماعتیں محب وطن ہیں ، ہم سب کو مل کر اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرنا ہے۔ گورنرنے کہا کہ جمہوریت کے تسلسل کے لئے پارلیمنٹ کا مضبوط ہونا ضروری ہے،ہمیں اپنے اداروں کو مضبوط کرنا ہے، ادارے مضبوط ہوں گے تو ملک بھی مستحکم ہوگا۔ گورنر نے کہا کہ آج اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت صحافت کے شعبے سے وابستہ افراد کی فلاح و بہود کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کوبروئے کار لائے گی۔